حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے شہر علی پور میں 30 اکتوبر 2026ء کو جامعہ علمیہ امام حسن عسکری گھلواں، علی پور میں خطبہ جمعہ اور نمازِ جمعہ کا اجتماع منعقد ہوا۔ جس میں حجت الاسلام والمسلمین محمد زکاء الحسن ، فاضلِ حوزہ علمیہ قم اور پرنسپل جامعہ علمیہ امام حسن عسکری (ع) گھلواں، علی پور نے خطاب کیا۔
انہوں نے خطباتِ جمعہ میں تقویٰ الٰہی، قرآنی خواتین کی سیرت، ایامِ فاطمیہ (س) کی مناسبت سے ہماری ذمہ داریاں اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

خطبۂ اول میں مولانا محمد زکاء الحسن نے تقویٰ الٰہی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے قرآنی خواتین کی سیرت اور ان کی زندگیوں کو خواتین کے لیے نمونۂ عمل قرار دیا۔
انہوں نے ایامِ فاطمیہ (س) کی مناسبت سے حضرت حوا اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہما سمیت ان عظیم خواتین کی زندگیوں سے درس حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جنہوں نے اپنی پاکیزہ سیرت، کردار اور بندگی کے ذریعے انسانیت کے لیے رہنمائی فراہم کی۔
انہوں نے اس امر کی طرف توجہ دلائی کہ خواتین کو اپنی زندگیوں میں تقویٰ، پاکیزگی، صبر، ایثار اور دینی ذمہ داریوں کو اہمیت دینی چاہیے اور قرآنی و اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اپنی شخصیت اور کردار کی تعمیر کرنی چاہیے۔

خطبۂ دوم میں انہوں نے ایامِ فاطمیہ (س) کے حوالے سے اہلِ ایمان کی ذمہ داریوں اور عملی وظائف پر گفتگو کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت، عظیم شخصیت، فضائل و مناقب، ایثار و فداکاری اور دفاعِ امامت و ولایت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔
انہوں نے اس مناسبت سے اس بات کی اہمیت بیان کی کہ ایامِ فاطمیہ (س) محض اظہارِ عقیدت اور مجالسِ عزاء تک محدود نہ رہیں، بلکہ ان ایام میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی تعلیمات، سیرت اور عملی کردار کو سمجھنے اور اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی میں اپنانے کی کوشش کی جائے۔ بالخصوص دفاعِ امامت و ولایت، حق گوئی، صبر، استقامت اور راہِ حق میں ایثار و قربانی کے ان کے اسوہ کو اپنی زندگیوں کے لیے مشعلِ راہ بنایا جائے۔










آپ کا تبصرہ